اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے غوطہ شرقی میں جیش الاسلام سے موسوم دہشت گرد گروہ کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد اتوار کو میدعا شہر کو مکمل طور پر آزاد کرالیا ہے-
اس رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے میدعا شہر کی جانب پیشقدمی تین طرف سے شروع کی اور اس کاروائی کے سبب اس نے غوطہ شرقی کے النشابیہ علاقے میں دہشت گردوں کا دائرہ تنگ کردیا اور ان کے ایک اہم اڈے کا محاصرہ کرلیا- شامی فوج نے میدعا شہر پر کنٹرول حاصل کرکے دہشت گردوں کی ایک اہم رسد لائن منقطع کردی ہے -
دوسری جانب شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے، حلب کے تاریخی قلعے پر قبضہ کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی ہے- دہشت گرد ایک سرنگ کے ذریعے حلب کے قلعے پر قبضہ کرنے کی کوشش میں تھے تاہم فوج اور عوامی رضا کار فورس نے ان کی کوشش کو ناکام بنادیا- اس کاروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے-
شامی فضائیہ نے بھی حمص (Homs) کے علاقے خنیفیس (Khanifis) میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے ان کو بھاری نقصان پہنچایا ہے- اس حملے میں بہت سے دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے اور ان کو بھاری مالی نقصان بھی پہنچایا ہے- شامی فضائیہ نے اسی طرح مشرقی حمص کے علاقے "جب الجراح" کے اطراف میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملہ کرکے متعدد دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا-
ادھر شامی فوج نے شمالی حلب میں کئی سمت سے فوجی کاروائی کا آغاز کیا ہے اور دہشت گرد گروہوں سے بھاری لڑائی کے بعد کئی علاقوں اور اللیرمون کی پہاڑی پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے- در ایں اثنا شامی فوج نے مشرقی شام کے شہر دیرالزور میں کے جنوب میں اپنے ٹھکانوں تک پہنچنے سے قبل ہی داعش کی دو گاڑیوں کو تباہ کردیا -
واضح رہے کہ بعض عرب اور مغربی ممالک کے حمایت یافتہ مسلح دہشت گردوں نے سن دوہزار گیارہ سے شام کے مختلف علاقوں میں بدامنی پھیلارکھی ہے اور شام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں اب تک ہزاروں عام شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169